پٹواری ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ،وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی

جمعرات 22 مارچ 2018 21:34

پٹواری ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ،وزیراعلیٰ نے مسائل کے ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد پٹواری ایسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے واضح رہے کہ پٹواریوں اور گردآوروں نے اپنے بعض مسائل و مطالبات کیلئے چند روز سے ہڑتال شروع کی تھی تاہم سنیٹر فدا محمد خان نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بات چیت کرکے ان کی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرائی وفد نے ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی محمد خان، جنرل سیکرٹری حاجی مکمل شاہ، پشاور ڈویژن کے صدر حاجی نثار خان، ہزارہ ڈویژن کے صدر حنیف جدون، بنو ں ڈویژن کے صدر تراب شاہ اور مردان کے صدر شیر بہادر شامل تھے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ملازمین کے حالات کار بہتر بنانے اور تنخواہوں میں ترقیافتہ ممالک کی طرز پر نمایاں اضافہ کرنے کیلئے کوشاں ہے تاہم وسائل کی کمی آڑے آرہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ ہڑتال کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس کا الٹا اثر ہوتا ہے اگر ملازمین ہڑتال پر بضد ہو ں اور عوامی مسائل میں اضافے کا باعث بنیںتو حکومت بلیک میل ہونے کی بجائے تادیبی کاروائی پر مجبور ہوگی کیونکہ ملازمین موجودہ تنخواہوں کی بنیاد پر خدمات کے پابند ہوتے ہیں نہ کہ وہ تنخواہوں میں اضافے کو بہانہ بناکر ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوں اور عوامی خدمت کے بنیادی فرض سے پہلو تہی کریںانہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محکمہ مال اور محکمہ تعلیم سمیت تمام محکموں اور شعبوں کے ملازمین و افسران کی تنخواہوں اور ترقیوں میں موجود تفاوت کو ختم کرنے اور انہیں بہتر سروس سٹرکچر دینے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے تاہم ہڑتال یا احتجاج کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹنے سے بھی گریز نہیں کریگی۔