مسلم لیگ (ن) احتساب کے حق میں ہے،یہ بلاتفریق اور شفاف ہونا چاہئے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 27 مارچ 2018 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) احتساب کے عمل کے حق میں ہے اور یہ بلاتفریق اور شفاف ہونا چاہیئے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے خلاف دائر کیسز کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ابھی تک ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے مابین ہونے والی ملاقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہو گا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسی ملاقاتوں کا انعقاد ہوا جو ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قابل قدر قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کو آپس میں مثبت ماحول کو فروغ دینا چاہیئے کیونکہ مسائل کے حل کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔