سرگودھا یونیورسٹی نے ایم ای/ایم ایس سی کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کے شیڈول کا اعلان کر دیاگیا

جمعہ 30 مارچ 2018 16:44

سرگودھا۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء)یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام منعقدہونے والے ایم ای/ایم ایس سی پارٹ ون / پارٹ ٹو /کمپوزٹ کے پہلے سالانہ امتحان2018ء میں ریگولر /لیٹ کالج اور پرائیویٹ امیدواروںکے لئے داخلہ فارم جمع کرانے کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے ۔کنٹرولر امتحانات کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پہلی بار امتحان دینے والے پرائیویٹ امیدواران ایم ای/ایم ایس سی پارٹ ون یاایم ای/ایم ایس سی کمپوزٹ امتحان میں داخلہ فارم جمع کرا سکتے ہیں نیز ایم ای/ایم ایس سی کمپوزٹ امتحان دینے کے خواہش مند امیدواروں کو ایم ای/ایم ایس سی پارٹ ون اور ٹو کا اکٹھا امتحان دینا ہو گا۔

پرائیویٹ امیدواران ایم اے اُردو،انگریزی، سیاسیات، تاریخ، اکنامکس،اسلامیات،عربی،پنجابی،مطالعہ پاکستان،انٹر نیشنل ریلیشنز اورایم ایس سی ریاضی کے لئے داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پارٹ ون کا امتحان دینے کیلئے بی ای/ بی ایس سی /مساوی امتحان پاس کرنے کے بعد ایک سال اور کمپوزٹ کا امتحان دینے کے لئے دو سال کا وقفہ ضروری ہے۔سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ20اپریل جبکہ دوگنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ30اپریل اورتین گنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ07مئی ہو گی ،ایسے پرائیویٹ امیدواران جن کی یونیورسٹی آف سرگودھا میں رجسٹریشن نہیں ہوئی ان کو2500روپے رجسٹریشن فیس بھی جمع کروانا ہو گی،امتحانی اور جسٹریشن فیس صرف یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے کمپیوٹر جنریٹیڈ چالان پرنٹ کرکے جمع کرانی ہو گی۔

ہاتھ سے پر کیا ہوا چالان قابل قبول نہ ہو گا۔داخلہ فارم یونیورسٹی آف سرگودھا کی ویب سائٹ www.uos.edu.pkسے بھی ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔داخلہ /رجسٹریشن فیس مقررہ چالان فارم پرحبیب بینک لمیٹڈ کی کسی بھی برانچ میں اکاونٹ نمبر00427991796403 جمع کرانا ہو گی اور اصل بینک چالان داخلہ فارم کے ساتھ چسپاں کرنا ہوگا۔ بینک ڈرافٹ، بینکرز چیک، پوسٹل آرڈر وغیرہ قابل قبول نہ ہوں گے ۔ایم ای/ایم ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو /کمپوزٹ دوسراسالانہ امتحان2017ء کے نتیجہ کے منتظر امیدواران اپنے نتیجہ کے اشاعت کے بعد پندرہ یوم تک سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرائیں۔امتحان کا انعقاد اگست2018میں متوقع ہے حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔