مارکیٹ میں غیرملکی، غیر معیار ی بیج کی فروخت کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 2 اپریل 2018 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب، محکمہ سیڈ کارپوریشن اور فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن ڈیپارٹمنٹ حکام کی عدم توجہ سے مارکیٹ میں غیرملکی، غیر معیار ی بیج کی فروخت نے کسانوں کو امتحان میں ڈال دیا، خصوصاً بھارت اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کا بیج مارکیٹ میں سرعام سپلائی ہونے لگا۔

محکمہ سیڈ کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے غیر ملکی بیج فروخت کیا جا رہا ہے۔ اداروں کی خاموشی پر کسانوں نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت پنجاب کی زراعت تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس وقت بھارت کی کئی غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کا بیج فروخت ہو رہا ہے۔ گیارہ سے زائد کمپنیاں پاکستان کے مختلف غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ساتھ مل کر صوبہ پنجاب میں اپنا بیج فروخت کر رہی ہیں۔

محکمہ فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت توسیع پنجاب کا عملہ سیڈ کمپنیوں کی ریگولر مانیٹرنگ کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کر رہا۔ لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، گجرات، منڈی بہائوالدین، جہلم، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں میں کمپنیوں نے بغیر لائسنس کے ایجنسیاں کھول رکھی ہیں۔ مارکیٹ میں رنگ دار بیجوں کی فروخت عروج پر شامل ہے۔ ملک کے اندر غیر معیاری اور جعلی بیجوںکی فروخت غیر قانونی عمل ہے اور اس بارے میں سیڈ ایکٹ 1973ء بھی قائم ہے مگر اس کے تحت کارروائیاں دیکھنے میں نہیں آرہیں۔ محکمہ فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت توسیع پنجاب کا عملہ سیڈ کمپنیوں کی ریگولر مانیٹرنگ کرنے کے لئے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔