بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹس پر اردو خبروں کا اجراء کر دیا

پیر 9 اپریل 2018 19:43

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اپنی ویب سائٹس پر اردو خبروں کا اجراء کر دیا جس کا افتتاح صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو شعبہ تعلقات عامہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات کے سربراہان کی موجودگی میں ڈاکٹر الدریویش نے ویب سائٹ پر اردو خبروں کا افتتاح کیا اور کہا کہ ویب سائٹ پر اردو خبروں کی موجودگی دراصل صدر پاکستان ممنون حسین کی اردو زبان کے فروغ کی خواہش و ہدایت پر عمل کی ہی کڑی ہے جس کے تحت اب جامعہ کی ویب سائٹ پر انگریزی اور عربی کے بعد اردو خبریں بھی دستیاب ہوں گی۔

ڈاکٹر الدریویش کا مزید کہنا تھا کہ اردو زبان کے فروغ کیلئے مرحلہ وار کاوش جاری رہیں گی۔ صدر جامعہ نے کہا کہ شعبہ تعلقات عامہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مشترکہ کاوشوں سے قلیل وقت میں ویب سائٹ پر اردو خبروں کی موجودگی ممکن بنائی گئی جو کہ دونوں شعبہ جات کے افسران و عملہ کی بہترین صلاحیتوں کی غماز ہے۔ اس موقع پر شعبہ آئی ٹی کے سربراہ شکیل شاہ اور شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ناصر فرید، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد نعمان اعوان، الحسن ہارون اور شعبہ آئی ٹی کے محمد عثمان شامل تھے۔