راولپنڈی ڈویژن میں ’’چیچڑ مکائو مہم ‘‘کا آغاز کر دیاگیا

مہم کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک پنجاب ڈاکٹر منصوراحمد و ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد نے کیا

جمعرات 12 اپریل 2018 19:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2018ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں ’’چیچڑ مکائو مہم ‘‘کا آغاز کر دیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ (توسیع ) پنجاب ڈاکٹر منصور احمد نے کہا کہ مویشیوں کی صحت کا خیال رکھ کر ان کی استعداد کار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اور ملکی سطح پر صحت بخش دودھ اور گوشت کی دستابی میں خودکفالت کے ساتھ ساتھ ڈیری پروڈکٹس بر آمد بھی کی جا سکتی ہیں ۔

ڈی جی لائیو سٹا ک ڈاکٹر منصور احمد نے مزید کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب صوبہ میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہاہے اور مویشیوں کو مختلف امراض سے بچائو کی خصوصی مہمات انہی اقدامات کا حصہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ راولپنڈی ڈویژن میں مویشیوں کے چیچڑوں کے خاتمے کی خصوصی مہم کے دوران مویشی پال حضرات کو محکمہ کی ٹیمیں چیچڑوں کے خاتمے اور ان سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دیں گی اور مہم کے دوران ڈویژن بھر میں مویشیوں کے معائنہ اور چیچڑ سے متاثرہ مویشیوں کا علاج بھی کیا جائے گا ۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایاکہ راولپنڈی ڈویژن میں چیچڑ مکائو مہم کا آغاز یونین کونسل بجنیال کے گائوں دھمہ سے ملحقہ مویشی منڈی سے کیا گیا ۔یہ مہم خصوصی طور پر شروع کی گئی ہے تاکہ مویشی پال حضرات صحت مند جانوروں کی افادیت سے کماحقہ آگہی حاصل کر سکیں اور ان احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں جن کی بدولت مویشیوں کی استعداد کار میں کمی کا باعث بننے والے چیچڑوں سے ان مویشیوں کو محفوظ رکھاجاسکے ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ارشد لطیف ارشد ،ڈپٹی ڈٖائریکٹر ڈاکٹر ساجدہ ،انچارج سول ویٹرنری ڈسپنسری دھمہ ڈاکٹر کاشف اور مویشی پال حضرات بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر شاہد سجاد اصغر نے بتایاکہ چیچڑوں سے پھیلنے والی بیماریوں میں چیچڑوں کا بخار ،رت موتر ا،کانگو بخار ،خون کی کمی ،حمل کا ضیاع اور خارش جیس بیماریاں شامل ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ چیچڑ مکائو مہم میں مویشیوں کو چیچڑوں سے بچائو کے ٹیکوں کے علاوہ ادویات کا سپرے بھی کیاجائے گا ۔چیچڑ مکائو مہم کے آغاز پر محکمہ کی موبائل ڈسپنسری کے ذریعے ماہر عملے نے مویشیوں کا چیک اپ بھی کیا اور مویشی پال حضرات میں مفت ادویات تقسیم کیں ۔

متعلقہ عنوان :