پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس (دستور) کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا تین روزہ اجلاس

اختتام پذیر عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے فیصلوں کو قبول کرتے ہیں، سید زعیم حسین قادری

جمعہ 13 اپریل 2018 22:20

لاہور۔13 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2018ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس (دستور) کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا تین روزہ اجلاس لاہور میں اختتام پذیر ہو گیا۔ جس میں ملک بھر سے ایف ای سی کے ارکان مختلف علاقائی یونینوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ایف ای سی کا اختتامی اجلاس لاہور پریس کلب کے آڈیٹوریم میں صدر پی ایف یو جے دستور حاجی نواز رضا کی صدارت میں ہوا۔

مہمان خصوصی صوبائی وزیر مذہبی امور اوقاف سید زعیم حسین قادری تھے۔ انہوں نے ملک بھر کے صحافی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عامل صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو ان کے ساتھ تا مرگ بھوک ہڑتال بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے فیصلوں کو قبول کرتے ہیں لیکن کسی ایک مقبول سیاسی رہنما کی تاحیات نا اہلی بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے حق میں ہیں لیکن لسانی اور قومیت کی بنیاد پر قوم کی تقسیم کی حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ایک بار پھر تاریخ کو دہرایا گیا ہے اور ہمیں اپیل کے بنیادی حق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے ترقیاتی فنڈز 43 فیصد جنوبی پنجاب پر خرچ کئے۔

ہم نے ویلفیئر کے مسلسل کام کئے ،اور ہمیں ہی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ دوسرے صوبوں نے اس عرصہ میں کوئی کام نہیں کیا۔ ہم نے صوبے میں کل بجٹ کا 33 فیصد تعلیم اور صحت پر خرچ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کا سب سے اہم حصہ ہیں ان کی تنخواہیں ججوں کی تنخواہوں کے برابر ہونی چاہئیں۔ اس موقع پر صدر پی ایف یو جے حاجی نواز رضا نے کہا کہ آٹھویں ویج ایوارڈ پر فوری عملدرآمد کیا جانا چاہئے۔

صحافیوں کے حقوق کے لیے ہم ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔ اجلاس میں کراچی، بہاولپور، حیدر آباد، رحیم یار خان، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، آزاد کشمیر، ہزارہ کے مقامی نمائندوں نے شرکت کی۔بعد میں ایف ای سی کے ارکان کے اعزاز میں ڈپٹی میئر لاہور رانا اعجاز حفیظ نے عشائیہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کیا ہے اور اب لوگوں کے مسائل گلی محلوں کی سطح پر حل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں کے ارکان کی غالب اکثریت نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔ عشائیہ سے نواز رضا، خواجہ فرخ سعید، سہیل افضل، رحمان بھٹہ اور سعود ساحر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :