امریکا ، برطانیہ اور فرانس نے داعش کی شکست کا انتقام لینے کے لیے شام پر حملہ کیا

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری کا سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب حملہ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے، روسی مندوب

پیر 16 اپریل 2018 11:00

اقوام متحدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) شام کی حکومت نے امریکا ، برطانیہ اور فرانس پر مشتمل سہ فریقی جارح اتحاد کو منافق اور جھوٹا قرار دیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری کا کہنا تھا کہ امریکا ، برطانیہ اور فرانس نے داعش کی شکست کا انتقام لینے کے لیے شام پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے شام پر حملے کو خود سرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے، امریکا ، فرانس اور برطانیہ کو شام پر حملے کی اجازت نہیں دی تھی۔ بشار جعفری نے کہا کہ جارحیت کرنے والے ممالک جتنا بھی جھوٹ بولیں، انہیں دنیا میں رسوائی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویسلے نبنزیا نے بھی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کا حملہ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے اس موقع پر دعوی کیا کہ شام پر امریکی حملہ جائز تھا اور یہ کہ دمشق بارے واشنگٹن کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سلامتی کونسل شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو روکنے کی غرض سے کارآمد نظام کی تیاری میں ناکام رہی ہے۔