فیصل آباد سمیت اکثر مقامات پر گندم کی کٹائی کاسلسلہ شروع ہوگیا

پیر 16 اپریل 2018 13:34

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ،جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میںاکثر مقامات پر گندم کی کٹائی کاسلسلہ شروع ہوگیا اور اس ضمن میں فی ایکڑ ساڑھے تین من گندم مزدوری مقرر کردی گئی ہے جبکہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچے بھی درانتیاں تھامے کھیتوں کھلیانو ں میں اتر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جن مقامات پر فصل مکمل طورپر پک جانے کے بعد گندم کی کٹائی کا آغاز ہواہے وہاں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں اور بڑی تعداد میں محنت کشوں، مزوروں اور دیہاڑی دار ورکرز نے کھیتوں کھلیانوں کا رخ کرلیا۔ مذکورہ افراد کا کہنا ہے کہ چونکہ انہیںفی ایکڑ گندم کاٹنے پر ساڑھے تین من گندم بطور معاوضہ ملتی ہے لہٰذا وہ چند روز کے دوران گندم کی کٹائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے سال بھر کا اناج اکٹھا کرلیتے ہیں جس کے باعث انہیں بعد ازاں زیادہ مشقت کا مظاہرہ نہیں کرنا پڑتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ انہوںنے عارضی طورپر ایسے بچوں جو سکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں کی بھی چھٹیاں حاصل کرلی ہیں جس کے باعث ان کے بچے بھی کٹائی میں ان کا ہاتھ بٹا رہے ہیں تاکہ جہاں ایک طرف کٹائی کا عمل بروقت مکمل ہو جائے وہیں انہیں زیادہ سے زیادہ مزدوری حاصل کرنے میں بھی مدد مل سکے۔