کپاس کے ثانوی و دیگر علاقوں میں کاشت 15مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 16 اپریل 2018 13:34

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)کپاس کے ثانوی و دیگر علاقوں میں کاشتکاروں کوکپاس کی کاشت 15مئی اور مرکزی علاقوں میں 31مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار پٹڑیوں پر کاشت سمیت ہموار زمین پر قطاروں میں کاشت کی صورت میں پہلی آبپاشی کے بعد پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دورسری لائن میں مٹی چڑھا دیں اورروایتی اقسام میں سے علاقہ کی زمین کی مناسبت سے موزوں اقسام کاانتخاب کریں ۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے کہاکہ کپاس کی بی ٹی اقسام کی شرح بیج 6 سے 10کلوگرام فی ایکڑ ہونا ضروری ہے جبکہ بوائی سے پہلے بیج کو مناسب کیڑے مار زہر لگانا بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ اس سے فصل ابتداء کے تقریباً ایک ماہ تک کے حساس ایام میں رس چوسنے والے کیڑوں بالخصوص سفید مکھی کے حملہ سے محفوظ رہتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ لائنوں میں کاشت کی صورت میں پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سی35 دن بعد جبکہ باقی آبپاشیاں 12 سے 15 دن کے وقفہ سے جاری رکھنی چاہئیں تاہم 10اکتوبر کے بعد آبپاشی سے گریز کرنابھی ضروری ہے۔