گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کاشتکاروں کو بار دانہ کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع

پیر 16 اپریل 2018 14:25

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کاشتکاروں کو بار دانہ کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی پیر کے روز سے شروع کر دی گئی ہے جبکہ مذکورہ درخواستیں 20اپریل بروز جمعہ کی شام 4بجے تک وصول کی جائیں گی نیز ویٹ پروکیورمنٹ کمپین کے دوران چھوٹے کاشتکاروں کو 10ایکڑ تک ترجیحی بنیادوں پر بار دانہ فراہم کیا جائے گا۔

ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ فیصل آباد نے بتایا کہ کاشتکار بھائیوں کیلئے درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ کی کاپی لف اور رابطہ نمبر کا اندراج کرنا ضروری ہو گا جس کے بغیر کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔ انہوںنے بتایاکہ سینٹر کوآرڈینیٹر کاشتکاروں سے درخواستیں وصول اور درخواست وصولی کی رسید دے گا جس پر سیریلاور پرائرٹی نمبر کا اندراج ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ موصول شدہ درخواستوں کی جانچ پڑتال 21اپریل بروز ہفتہ اور 22اپریل بروز اتوار کو ہو گی۔انہوںنے بتایا کہ خریداری مراکز 22اپریل کو اتوار کی ہفتہ وار تعطیل کے باوجود کھلے رہیں گے۔انہوںنے بتایا کہ22اپریل کو مستند درخواست گزارو ں کی تعداد اور ان کے رقبہ گندم بمطابق گرداوری لسٹ کے بارے میں ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر آگاہی دیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ 23اپریل بروز پیر کو کابینہ کمیٹی برائے گندم فی ایکڑ کے حساب سے بوریوں کی تعداد کا تعین اور متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 24اپریل بروز منگل سے باردانہ کا اجراء شروع کر دیا جائے گا جو 30دن تک جاری رہے گا۔