محکمہ خوراک نے گندم کی خریداری مہم کیلئے جیوٹ بیگ کا اوسط وزن 101.100 کلو جبکہ پولی پراپلین بیگ کا وزن 50.150کلو گرام مقرر کر دیا ،ترجمان محکمہ خوراک

پیر 16 اپریل 2018 14:25

فیصل آباد۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)محکمہ خوراک نے رواں ماہ اپریل کے دوران شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کیلئے جیوٹ بیگ کا اوسط وزن 101.100 کلو جبکہ پولی پراپلین بیگ کا وزن 50.150کلو گرام مقرر کر دیا ہے جبکہ 100کلو گرام گندم کی بوری پر 9روپے فی بوری ڈلیوری چارجز بھی ادا کئے جائیں گے۔ ریجنل ڈائریکٹو ریٹ محکمہ خوراک فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت پنجاب کے تمام 9ڈویژنز کے 36اضلاع میں گندم کی خرید کیلئے 40لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ یہ گندم 1300روپے فی 40کلو گرام کے حساب سے خرید کی جائے گی۔

انہوںنے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین ، سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ گندم کی خریداری مہم کے دوران کسی قسم کی کرپشن ، بدعنوانی ، بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کاشتکاروں کو باردانہ کے حصول کیلئے جیوٹ بیگ پر 152.50 روپے اور پی پی بیگ پر ساڑھے 36 روپے سکیو رٹی ڈیپازٹ ادا کرنا ہوگا تاہم چار ایکڑ تک رقبہ کے حامل کاشتکار کو بغیر سکیو رٹی ڈیپازٹ گزیٹڈ آفیسر کی ضمانت پر باردانہ جاری کیا جاسکتا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ گندم کی خریداری کے ضمن میں جاری کی گئی پالیسی کے مطابق ڈپٹی کمشنر متعلقہ ضلع میں گندم خریداری آپریشنز کا انچارج ہوگا جبکہ تحصیل پر اے ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنر پروکیورمنٹ آفیسرز ہوں گے۔ انہوںنے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں فوڈ ڈیپاٹمنٹ پنجاب کا عملہ ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گا نیز ڈویژنل کمشنرز،ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور سیکرٹری خوراک صوبائی سطح پر نگران مقرر کئے گئے ہیں۔

انہوںنے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے پنجاب میں دیگر محکموں کے وزراء اور سیکرٹریز کو بھی گندم خریداری مہم کی نگرانی کیلئے سپروائزمقرر کیا گیا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ گندم کی خریداری پالیسی کے مطابق متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ضلع، تحصیل اور سینٹر سپر وائزر کی کمیٹی تشکیل دے گا جس میں پولیس ،زراعت اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

انہوںنے بتایاکہ فیلڈ سٹاف کی تعیناتیوں اور عملہ کی کمی پوری کرنے کیلئے محکمہ خوراک کے ملازمین کے تبادلوں پر پابندی عائدکر دی گئی ہے تاہم ایسے ملازمین جن پر ماضی میں کوئی انکوائری یا سابقہ بقایاجات کی عدم ادائیگی ہو انہیں کسی پر چیز سنٹر پر تعینات نہیں کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی شکائت یا مسئلہ کی غر ض سے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔