الیکشن کمیشن کی پابندی کے باعث سی پیک کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے ،ْوفاقی حکومت

وزارت منصوبہ بندی سی پیک کے تحت منصوبوں پر عائد پابندی پر ای سی پی سے وضاحت طلب کرنے کیلئے خط لکھ رہی ہے ،ْاحسن اقبال

پیر 16 اپریل 2018 15:29

الیکشن کمیشن کی پابندی کے باعث سی پیک کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے ،ْوفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) وفاقی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندی سے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت شروع ہونے والے منصوبوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکمراں جماعت نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر عائد پابندی کی وضاحت طلب کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر خاص برائے قانونی اقدامات بیرسٹر ظفراللہ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو نقصان پہنچے گا جو گزشتہ 4 برس سے جاری ہیں جبکہ ان منصوبوں کے اخراجات میں مزید اربوں روپے کا اضافہ ہو جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی سی پیک کے تحت منصوبوں پر عائد پابندی کی وضاحت کے لیے ای سی پی کو خط لکھ رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت ترقی و منصوبہ بندی ای سی پی حکام کو اس پابندی کی وجہ سے ہونے والے نقصان اور براہِ راست بین الاقوامی سرمایہ کاری کے متاثر ہونے کے حوالے سے آگاہ کرنے کی کوشش کرے گی۔