مسلم لیگ (ن) کے ہزارہ ڈویژن کیلئے شروع کردہ تاریخ ساز منصوبوں سے عوام کی تقدیر بدل جائے گی، ضلع ناظم سردار سید غلام

پیر 16 اپریل 2018 15:50

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ہزارہ ڈویژن اور ضلع مانسہرہ کیلئے تاریخ ساز منصوبے منظور کئے جن سے عوام کی تقدیر بدل جائے گی، صوبائی حکومت اور مخالفین کے پراپیگنڈوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ضلع مانسہرہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے 2600 منصوبے منظور کر کے مکمل کروائے ہیں۔

سوموار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل مانسہرہ کو موثر اور فعال انداز میں چلایا جا رہا ہے، سرن ویلی، کونش ویلی، کاغان ویلی اور تناول میں سیاحت کے فروغ کیلئے موثر تجاویز دی ہیں جن پر بہت جلد عمل درآمد ہو گا، محمد نواز شریف کا 22 اپریل کو شاندار استقبال اور کامیاب جلسہ مخالفین کی نیندیں اڑا دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مشکل وقت میں محمد نواز شریف کا ساتھ نبھا کر اپنی سابق روایات کو برقرار رکھا ہے، سردار محمد یوسف نے اعلان کر رکھا ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑنا مردانگی نہیں ہے۔

ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہزارہ ڈویژن بالخصوص ضلع مانسہرہ میں تاریخ ساز منصوبے مکمل کئے جن میں ہزارہ موٹر وے مانسہرہ اور ہزارہ کی عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے۔

متعلقہ عنوان :