پرنسپل پی جی ایم آئی کا سٹینو گرافر نسیم چوہان کی اچانک وفات پر اظہار تعزیت

مرحوم کے تمام واجبات کی فوری ادائیگی کی ہدایت، ایک بچے کو ملازمت بھی دی جائے گی

پیر 16 اپریل 2018 17:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے سٹینو گرافر نسیم چوہان کے نا گہانی طور پر انتقال کر جانے پر گہرے دکھ اور دلی رنج کا اظہار کیا ہے۔ پروفیسر غیاث النبی طیب نے پی جی ایم آئی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق سٹینو گرافر نسیم چوہان جو گریڈ 15کا ملازم تھا کے ورثاء کو 22لاکھ روپے کی مقررہ گرانٹ اور دیگر واجبات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے مزید بتایا کہ حکومتی قوانین کے تحت مرحوم نسیم چوہان کے پسماندگان کو ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ماہانہ پوری تنخواہ اور بعد ازاں پنشن ملے گی جبکہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں مرحوم کے ایک بچے کو ادارے میں ملازمت بھی فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سوموار کے روز پی جی ایم آئی میں مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا جس میں انتظامیہ، ڈاکٹرز، طلبا و طالبات اور سٹاف نے شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و دعا ء ہوئی، اس موقع پر ایپکا کے چئیر مین چوہدری امتیاز احمد نے کہا کہ نسیم چوہان ایک محنتی ، دیانتدار اور فرض شناس ملازم تھا اس کی اچانک وفات سے ادارہ ایک اچھے ورکر سے محروم ہو گیا ہے ۔

واضح رہے کہ نسیم چوہان نے 11اکتوبر 1993کو پی جی ایم آئی میں ملازمت اختیار کی تھی اور ان کا دو روزقبل انتقال ہو گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :