ڈپٹی کمشنر کا گندم خریداری مراکز کا دورہ ‘ کسانوں کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا

پیر 16 اپریل 2018 20:57

قصور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)قائمقام ڈپٹی کمشنر قصور منصور علی خاں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد کا گندم خریداری مراکز کا دورہ ‘گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ،تفصیلات کے مطابق قائمقام ڈپٹی کمشنر قصور منصور علی خان نے سٹی قصور ‘بیدیاں اورکھڈیاں میںجبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبدالواحد نے تحصیل چونیاں کے گندم خریداری مراکز تلونڈی ‘کنگن پور‘الہ آباد اورشامکوٹ کے الگ الگ دورے کئے اور وہاں پر گندم خریداری کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ، اس موقع پر انہوں نے کسانوں کے مسائل سنے اور موقع پر فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے ،انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر گندم خریداری مہم کی نگرانی کریں ، انہوں نے باردانہ کے حصول کیلئے کسانوں کی جانب سے دی جانیوالی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ پر باردانہ کی تقسیم کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے دبائو کو قبول نہ کریں ، انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میںباردانہ کی منصفانہ طریقے سے تقسیم کو سو فیصد یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا،خریداری مراکز پر آنیوالے کسانوں کو بیٹھنے کیلئے کرسیاں ‘سایہ دار جگہ ‘پینے کیلئے ٹھنڈا پانی و دیگر سہولیات دی جارہی ہیں ، اسی طرح گرداوری اور ریونیو ریکارڈ کی دیگر شکایات کے فوری حل کیلئے ریونیو افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تا کہ کسی کسان کی حق تلفی نہ ہواور صحیح حقداران کو حکومت پنجاب کی گندم خریداری مہم سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے ۔