باردانہ کیلئے 20اپریل تک درخواستیں وصول کی جائیں گی، ڈپٹی کمشنر

پیر 16 اپریل 2018 21:42

رحیم یا ر خان۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی کے تحت گندم خریداری کیلئے مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، باردانہ کے حصول کیلئے 20اپریل2018ء تک کاشتکاروں سے درخواستیں وصول کی جائیں گی، 21اور22اپریل کو کاشتکاروں کی فہرستیں سنٹرز پر آویزاں جبکہ24اپریل کے بعد باردانہ کی تقسیم شروع کر دی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خریداری مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالروف مہر، چوہدری اعتزاز انجم، عامر حسین، ڈی ایف سی میاں محبوب احمد، ڈی ایس پی سٹی چوہدری مسعود،انچارج سیکورٹی حسن اقبال، ایس این اے جام محمد نعیم سمیت سینٹرز کوآرڈینیٹرز، انچارجز اراضی ریکارڈ سنٹرز، سینٹرز انچارج اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی ،ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گندم خریداری سنٹرز پر کاشتکاروں کی سہولیات کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے جائیں، کسی بھی گندم خریداری مراکز پر بد عنوان عملہ تعینات نہ کیا جائے ،انہوں نے ہدایت کی کہ گندم خریداری مہم کے تمام مراحل کو شفاف بنانے کیلئے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز گندم خریداری مراکز کی کڑی نگرانی کریں، تمام مراکز پر سکیورٹی کے اعلیٰ انتظامات ہونے چاہیے، انہوں نے کہا کہ تمام خریداری مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے گندم خریداری مراکز سمیت تحصیل اور ضلعی ہیڈ کوا رٹرپر شکایات سیل فعال اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت اعلیٰ افسران کے نمبرز آویزاں کئے جائیں گے،انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ گندم خریداری سنٹرز پر زمینداروں کی سہولت کیلئے سایہ دار جگہ کا انتظام، مناسب پانی کا چھڑکائو، پینے کا صاف ٹھنڈا پانی، باتھ رومز سمیت تمام دیگر ضرو ری انتظامات ہونے چاہیے تاکہ زمینداروں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)مہر خالد احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں امسال گندم خریداری کا ٹارگٹ1لاکھ20ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیاہے جس کیلئی20گندم خریداری مراکز تین تحصیلوں میں قائم کر تے ہوئے سٹاف کی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں،انہوں نے گندم خریداری سنٹرز پر مختلف محکموں کی ذمہ داریوں اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کئے جانیوالے انتظامات بارے بھی آگاہ کیا