حکومت اپنے اداروں کے قانونی حقوق کی حفاظت کے لئے ہر وقت ضروری اقدامات اختیار کرنے کو تیار ہے، زیڈ ٹی ای پر امریکی پاپندی کے جواب میں چینی حکومت کا رد عمل

منگل 17 اپریل 2018 11:00

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے ٹیلی کمیونکیشن اور انفارمیشن کمپنی زیڈ ٹی ای پر امریکی حکومت کی طرف سے عائد باپندیوں کے بارے میں کہا کہ چینی حکومت اس معاملے پر بڑی توجہ دے رہی ہے اور چینی اداروں کے قانونی حقوق کی حفاظت کے لئے ہر وقت ضروری اقدامات اختیار کرنے پر تیار ہے۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق امریکی وزارت تجارت نے اعلان کیا کہ امریکی کمپنیوں سے زیڈ ٹی ای کی طرف سے حساس تنصیبات کی خریداری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ زیڈ ٹی ای کے عہدیداروں نے امریکی حکومتی اہلکاروں کے سامنے جھوٹے بیانات دیئے ہیں۔اس بارے میں چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چینی حکومت ہمیشہ چینی کمپنیوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ دوسرے ملکوں میں مقامی قوانین و ضوابط پر عمل پیرا رہیں۔امریکا میں زیڈ ٹی ای کا تجارتی دائرہ بہت وسیع ہے اور اس کمپنی نے امریکہ میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کئے ہیں۔چین کو امید ہے کہ امریکی حکومت غیرملکی کمپنیوں کے لیے صاف و شفاف اور منصفانہ تجارتی ماحول فراہم کرے گی۔