غزہ امن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے

مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکا سمیت 20 ممالک کے رہنماوں کی بیٹھک، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ثالثوں نے امن معاہدے پر دستخط کیے

muhammad ali محمد علی پیر 13 اکتوبر 2025 21:44

غزہ امن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے
شرم الشیخ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2025ء ) غزہ امن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے، مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکا سمیت 20 ممالک کے رہنماوں کی بیٹھک، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ثالثوں نے امن معاہدے پر دستخط کیے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فریقین نے ثالثوں کی موجودگی میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کردیئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثوں کے ذریعے طے پانے والے معاہدے پر امیرِ قطر کے علاوہ مصری اور امریکی صدور نے ایک پُروقار تقریب میں دستخط کردیئے۔ تقریب میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت 20 ممالک کے رہنماوں نے شرکت کی۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل سے ہوتے ہوئے مصر پہنچے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال صدر السیسی نے کیا۔

(جاری ہے)

عرب میڈیا کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی امریکی صدر کو خوش آمدید کہنے خود ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ جہاں سے دونوں رہنما شہر شرم الشیخ پہنچے جہاں ثالثوں کی موجودگی میں غزہ جنگ بندی پر فریقین کے کامیاب مذاکرات ہوئے تھے۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کے بعد اب غزہ جنگ بندی کے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ باضابطہ طور پر شروع ہوگیا۔

صحافیوں کے سوال پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دوسرا مرحلہ بھی شروع ہوچکا کیوں کہ پہلا اور دوسرا مرحلہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اور ایک ہی سلسلے کی لڑی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن مذاکرات میں مصری صدر السیسی کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ امریکا مصری صدر کے ساتھ ہے اور مکمل تعاون کرے گا۔ امریکی صدر نے نے ایک بار پھر اپنی پالیسی واضح کی کہ اب وقت آگیا کہ فلسطینی تشدد اور تصادم کی راہ چھوڑ کر اپنے عوام کی تعمیر و ترقی پر توجہ دیں۔

ہم غزہ کی تعمیر میں مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مصری صدر نے بھی اپنے امریکی ہم منصب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ بندی آپ ہی کی وجہ سے ممکن ہوپائی ہے۔ بعد ازاں شرم الشیخ میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ، فلسطینی صدر محمود عباس، بحرین کے فرمانروا اور قطر کے امیر سے ملاقاتیں کیں اور غزہ امن معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا، دونوں کے درمیان خوش گوار جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم کی فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے فلسطین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

صدر محمود عباس نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور انسانی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ کے عوام کی ہمت، صبر اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہے گا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے میں پائیدار امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔