ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اکیڈمی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، صباء شمیم جدون

منگل 17 اپریل 2018 11:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (خواٹین ونگ) کی چیئرپرسن صباء شمیم جدون نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اکیڈمی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں اسوا فٹ بال اکیڈمی کے زیراہتمام انڈر 14 فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلوں سے ہماری نوجوان نسل کو کئی مختلف معاشرتی برائیوں سے بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی اکیڈمیز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ضلعی سطح پر اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جائے اور ان اکیڈمیز میں سات سال کی عمر تک کے بچوں کو کھیلوں میں تربیت دی جائے۔

(جاری ہے)

صباء شمیم جدون نے کہا کہ کسی بھی ملک کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی اداروں کا بہت اہم کردار ہوتا ہے لیکن ہماری بدقستمی کہ ہمارے ہاں ایسا نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ ملک میں کھیلوں کا معیار دن بدن گرتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی ہمارا اثاثہ ہیں اور حکومت جلد ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کو اعزازت سے نوازے۔