Live Updates

آل پاکستان چیف منسٹرگولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ڈسٹرکٹ کوئٹہ کی ٹیم نے جیت لیا

منگل 16 ستمبر 2025 21:38

آل پاکستان چیف منسٹرگولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ڈسٹرکٹ کوئٹہ کی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) صوبائی وزیرصحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھر پوراقدامات اٹھارہی ہے جس کا واضح ثبوت آل پاکستان فٹ بال اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے علاوہ صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہے ،صوبے میں کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں میں ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آرہا ہے یہ بات انہوں نے آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ اور ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ڈسٹرکٹ کوئٹہ اور گورنر الیون کے درمیان کھیلا گیا جو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ کوئٹہ نے جیت لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت بخت محمدکاکڑنے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی فٹنس کو برقرار رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں چاروں صوبوں سے ٹیموں نے حصہ لیا ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے صوبے کا سوفٹ امیج دنیا میں گیا ہے کہ بلوچستان کے لوگ سپورٹس سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے انعقاد سے گراس روٹ لیول سے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ ، ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی ،مشیر کھیل مینا مجید کی ہدایت پر صوبے میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال اور کرکٹ گولڈ کپ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فٹ بال اور کرکٹ ٹورنامنٹس میں ملک بھر سے ٹیموں نے حصہ لیا جنہیں رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئیں تھیں۔

انہوں نے آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل میچ جتنے پرڈسٹرکٹ کوئٹہ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل آئندہ بھی نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کریگا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ اور ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر شاندر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات