ملک بھر میں ہیموفیلیا سے آگاہی کا عالمی دن منگل کو بھر پور طریقے سے منایاگیا

منگل 17 اپریل 2018 15:28

فیصل آباد۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)ملک بھر میں ہیموفیلیا سے آگاہی کا عالمی دن منگل کو بھر پور طریقے سے منایاگیاجبکہ مذکورہ دن کی مناسبت سے صوبائی دارالحکومتوں سمیت ڈویژنل و ضلعی ہیڈکوارٹرز پر عالمی ادارہ صحت ، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ، پاکستان بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن اور ہیموفیلیاکے خاتمہ کیلئے کام کرنے والی مختلف این جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات اور شعور و آگاہی کیلئے واکس بھی منعقد کی گئیں۔

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ ان تقریبات سے ماہرین طب نے خطاب کرتے ہوئے عوام الناس کو خون کی بیماری ہیموفیلیا کی وجوہات ، اس کی ابتدائی علامات ، بیماری کی تشخیص ، بروقت علاج ، تدارکی و حفاظتی اقدامات سے آگاہی فراہم کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ہیموفیلیا خون کی ایک ایسی بیماری ہے جس میں خون جمانے والے فیکٹرز کی کمی واقع ہو جاتی ہے جس سے کوئی بھی چوٹ لگنے یا زخم آنے کی صور ت میں خون کا بہائو روکنا انتہائی مشکل ہو جاتاہے ۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں یہ بیماری عموماً 17 سے 20برس تک کی عمر کے نوجوانوں میں پائی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ورلڈ ہیموفیلیا ڈے کے موقع پر عوام الناس کو خون کے عطیات دینے کی ترغیب بھی دی گئی تاکہ بوقت ضرورت خون کی کمی کا شکار افراد کو خون کے مذکورہ عطیات فراہم کئے جاسکیں۔