شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام منشیات کی روک تھام کے سلسلہ میں آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام

منگل 17 اپریل 2018 15:29

سرگودھا۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) شعبہ ابلاغیات یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ’’ منشیات کے اثرات اور اس کی روک تھام کیلئے اقدامات ‘‘ کے موضوع پر سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا جس میں سب انسپکٹر اینٹی نارکوٹکس تاجور حیات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس او ایس یوتھ حامد علی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لاء پروفیسر ڈاکٹر نواز محسود، انچارج شعبہ ابلاغیات نعمان یاسرقریشی، فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر تاجور حیات نے کہا کہ انسداد منشیات کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر نواز محسود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بتدریج منشیات فروشی کے خلاف عملی اقدامات ہو رہے ہیں، ہمیں جامعات میں نوجوان نسل کو یہ تربیت فراہم کرنا ہوگی کہ نشہ ان کے مستقبل کا دشمن ہے لہٰذا اس سے خود کو بچائیں، جب کوئی بچہ نشہ کا عادی ہوتا ہے تو وہ اپنے ساتھ ساتھ خاندان کو بھی برباد کر دیتا ہے، نشہ جیسے قبیح فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،منشیات فروشی کے مکروہ فعل سے وابستہ جرائم پیشہ عناصر نوجوان نسل کو نشہ کا عادی بنا کر ان کا مستقبل تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انچارج شعبہ ابلاغیات نعمان یاسر قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمینار کے انعقاد کا مقصد طلباء و طالبات میں منشیات بچائو کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسی مزید سرگرمیوں کا اہتمام کریں گے جن کے ذریعے طلبہ کی تربیت کی جا سکے تاکہ وہ برائی سے بچ کر اپنا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔

متعلقہ عنوان :