Live Updates

قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، طلال چوہدری

اتوار 19 اکتوبر 2025 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ افغان حکام کو یہ یقینی بنانے کے لیے واضح عزم اور عملی اقدام دکھانا ہوگا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی بار ناقابلِ تردید شواہد فراہم کیے ہیں کہ پاکستان دشمن عناصر افغانستان سے کارروائیاں کر رہے ہیں لیکن اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جو عناصر بھارت کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اپنے عوام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

‘طلال چوہدری نے کہا کہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے عسکریت پسند اور انتہا پسند وہیں قائم کیمپس میں تربیت یافتہ ہوتے ہیں اور ایسی سرحد پار دھمکیوں کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے معاملہ وزارتِ داخلہ کو بھیجا ہے اور کوئی فیصلہ کرنے سے قبل قانونی پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گروہ کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور حکومت نے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی بارہا کوشش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس گروہ نے بار بار ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا ایک ایس ایچ او شہید ہوا اور درجنوں پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات