کالام میں دریائے سوات کنارے تجاوزات کے خاتمے کے لیے جرگہ، غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے پر اتفاق

اتوار 19 اکتوبر 2025 17:30

کالام میں دریائے سوات کنارے تجاوزات کے خاتمے کے لیے جرگہ، غیر قانونی ..
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) تحصیل بحرین کے سیاحتی مقام کالام میں دریائے سوات کے کنارے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے سلسلے میں علاقہ عمائدین کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کا جرگہ منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر بحرین تنزیل الرحمان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ایریگیشن، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران کے ساتھ عمائدین و مشران نے شرکت کی۔

جرگے میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ دریائے سوات کے کنارے قائم تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات مکمل طور پر ہٹائی جائیں گی تاکہ قدرتی حسن اور سیاحتی سرگرمیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور اب تک کالام میں 8 کنال 1 مرلہ رقبہ واگزار اور 17 میں سے 7 مقامات پر تعمیرات مسمار کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

عمائدین نے بھی اتفاق کیا کہ جو افراد ازخود تجاوزات ختم نہیں کریں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ یہ کارروائیاں ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر نگرانی اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جاری ہیں تاکہ دریائے سوات کی قدرتی خوبصورتی برقرار رہے اور عوامی مفاد میں ماحولیاتی و سیاحتی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔