پاک فضائیہ کا دستہ جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں کے ہمراہ فضائی جنگی مشق ’انڈس شیلڈ الفا‘ میں شرکت کیلئے آذربائیجان پہنچ گیا

اتوار 19 اکتوبر 2025 13:30

پاک فضائیہ کا دستہ جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں کے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) پاک فضائیہ کا دستہ جدید ترین جے ایف۔17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں کے ہمراہ دو طرفہ فضائی جنگی مشق ’’انڈس شیلڈ الفا‘‘ میں شرکت کےلئے آذربائیجان پہنچ گیا ہے، اس مشق کا مقصد دونوں برادرانہ فضائی افواج کے درمیان باہمی تفہیم ، حکمت عملی سے ہم آہنگی اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانا ہے۔

اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان میں اپنے ہوم بیس سے آذربائیجان تک بغیر رکے اپنا سفر مکمل کیا، اس دوران پاک فضائیہ نے فضا سے فضا میں طیاروں میں ایندھن بھرنے کے آپریشنز انجام دیئے، فضا میں ایندھن بھرنے کا یہ پیچیدہ آپریشن پاک فضائیہ نے اپنے آئی ایل 78 ایئریل ٹینکر کے ذریعے انتہائی درستگی سے انجام دیا، جس سے پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی طویل فاصلاتی صلاحیت ایک بار پھر آشکار ہوئی اور اس سے پاک فضائیہ کے عملہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور طویل بین الاقوامی تعیناتیوں کےلئے اس کی تیاری کا اظہار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ملکوں کے درمیان یہ مشق جدید فضائی جنگی حکمت عملیوں ، مشترکہ مشن کی منصوبہ بندی اور تیزی سے ترقی پذیر ٹیکنالوجی اور بدلتی ہوئی فضائی طاقت کے ماحول میں عمل درآمد پر توجہ دی گی ، یہ مشق آپریشنل بصیرت کے تبادلے اور ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجوں کےلئے مشترکہ رد عمل کو مضبوط کرنے کےلئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے دستے کی مشق ’’ انڈس شیلڈ الفا‘‘ میں شرکت پاک فضائیہ کے خطے کے استحکام اور عالمی فوجی تعاون کے لئے پائیدار عزم کا اعادہ کرتی ہے، یہ پاک فضائیہ کے جدید جنگی تقاضوں کے مطابق مسلسل ترقی اور موافقت کے غیر متزلزل عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے جبکہ فضائی آپریشن کے ہر شعبے میں اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتا ہے۔