مویشی پال حضرات مکئی ، سدابہار، جوار، ماٹ گراس کاشت کریں، ماہرین

منگل 17 اپریل 2018 15:53

فیصل آباد۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) ماہرین لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے کہا ہے کہ مویشیوں کے بہترین گوشت اور دودھ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے مویشیوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور انہیں تمام تر لحمیات، پروٹینز اور غذائیت سے بھر پور چارے کی فراہمی کیلئے معیاری اور موسمی چارے کی بروقت کاشت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مویشی پال حضرات کو اپنے مویشیوں کی غذائی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، ماہرین نے لائیوسٹاک فارمرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم گرما کی مناسبت سے مکئی ، سدابہار، جوار، ماٹ گراس کاشت کریں اور فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے زمین کی زرخیزی میں اضافہ کی غرض سے ماہرین زراعت کی مشاورت کی روشنی میں کھاد اور بیج کا استعمال کریں، فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے مکئی کا بیج 40 ، سدابہار15، جوارکا بیج 30 کلوگرام فی ایکڑ کاشت کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مکئی کی فصل اپریل سے ستمبر اور جوار و سدابہار کی فصل اپریل سے مئی تک کاشت کی جاسکتی ہے، اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لائیوسٹاک فارمرز کو مفت مشوروں کی فراہمی کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے لہٰذا مویشی پال حضرات کسی بھی مسئلہ یا مشاورت و معاونت کیلئے صبح 8 سے رات 8 بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔