اے این ایف کے فورس کمانڈرزکا اجلاس،مستقبل کے اہداف مقرر، نئے اقدامات اورمحکمانہ استعداد بڑھانے کے منصوبوں پر غور

منگل 17 اپریل 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس کے فورس کمانڈرزکا اجلاس اے این ایف ہیڈ کوارٹر میںمنگل کو منعقد ہواجس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نوازملک ہلال امتیاز(ملٹری) نے کی۔اجلاس میں اے این ایف کے علاقائی کمانڈروں اور سینئر سٹاف افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ،ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے ادارے کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہا۔

کانفرنس کے دوران انسدادِمنشیات کی کاروائیوں، بین الاقوامی معاہدے، منشیات کی رسد اور طلب میں کمی لانے کے پروگراموں اور منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ سے متعلقہ امور کا تفصیلی جائز ہ لیا گیا۔دوران اجلاس ، نشہ آورگولیوںبشمول ایکسٹیی وغیرہ کی اندرون وبیرون ملک ہونیوالی اسمگلنگ خصوصاً کمیشن آن نارکوٹکس ڈرگز کے 12سے 16 مارچ تک ہونے والے 61ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کی حالیہ منظور شدہ قراداد کے تناظر میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل میں ملوث گمنام عناصر کو تلاش کرنے اور انہیں کیفرکردارتک پہنچانے پرخصوصی توجہ دی گئی ۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس نفاذ قانون ، انٹیلی جنس،تفتیش اثاثہ جات، پیروی مقدمات وقانونی چارہ جوئی، منشیات کے خلاف عوامی سطح پرشعوربیدارکرنے ،مالی و انتظامی امور اورمحکمانہ صلاحیت میں اضافے جیسے پہلوزیربحث لائے گئے۔علاوہ ازیں، مستقبل کے اہداف مقرر کئے گئے اورنئے اقدامات عمل میں لانے اورمحکمانہ استعداد بڑھانے کے منصوبوں پر خصوصی طور پرغورکیاگیا۔