سپریم کورٹ کاپاکستان فٹ بال فیڈریشن کو دو ہفتوں میں انتخابات کرانے کا حکم

سیاست کی وجہ سے کھیل کو نقصان ہو رہا ہے، ہمارا مقصد ہے کھیل کو نقصان نہ ہو ،ْ چیف جسٹس کے ریمارکس

منگل 17 اپریل 2018 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو دو ہفتوں میں انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کی وجہ سے کھیل کو نقصان ہو رہا ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ کھیل کو نقصان نہ ہو۔ منگل کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے 14 روز میں پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات کرا کر رپورٹ چیمبر میں جمع کروانے کا حکم دیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ کھیل کو نقصان نہ ہو، یہ بتادیں ملک کو ترجیح دیں یا نہیں جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی ہو، پاکستان کی ساخت کو اہمیت دیں یا موجودہ انتظامیہ کے مسائل کو آپ کی انا نے پاکستان کو ذلیل کر کے رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

کیا موجودہ انتظامیہ چاہتی ہے پاکستان کوالیفائرمیں شرکت نہ کرسکے ، لگتاہے عدالت میں موجود لوگ نہیں چاہتے مسئلہ حل ہو۔

پاکستان سپورٹس بورڈ سے الحاق کیلئے درخواست گزار اختر شاہ کے وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم سے متعلق انہیں بھی بتایا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وہ انہیں بتانے کے پابند نہیں ،ْ وکیل نے کہا کہ وہ عدالت اور چیف جسٹس آف پاکستان کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں تاہم عدالت کو اس طرح نہیں چلایا جا سکتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اپنی انا گھر رکھ کر آیا کریں، عدالت نے پاکستان سپورٹس بورڈ سے الحاق سے متعلق اختر شاہ کی درخواست خارج کر دی جبکہ فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کا معاملہ نمٹا دیا۔