عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاون میں 30زائد غیر قانونی کلینکس سیل

منگل 17 اپریل 2018 18:12

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) راولپنڈی محکمہ صحت نے ضلع بھر کی تحصیلوں میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 30سے زائدغیر قانونی کلینکس پر سیل کر دیئے ہیں جبکہ ادویات کے تجزیہ کے لئے نمونہ جات پنجاب ہیلتھ کمیشن لاہور ارسال کر دیئے گئے ہیں۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹیوآفیسر محکمہ صحت ڈاکٹر سہیل چوہدری نے "اے پی پی"سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ضلع راولپنڈی میں گذشتہ تین روز سے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں 9اسٹنٹ کمشنرز،9ڈپٹی ہیلتھ افیسرز اورڈرگ انسپکٹرز پولیس کے تعاون سے اپنے اپنے علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بھرپور کاروائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز تحصیل کلر سیداں میں غیر قانونی کلینکس کے خلاف کاروائی میں مریم ہسپتال،آیان ڈینٹل کلینک،فاطمہ ہسپتال سمیت تحصیل ٹیکسلا ہزارہ روڈ سے دو میڈیکل سٹور کو سربمہر کر کے ایک عطائی ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ منیر بھٹی خالصہ دواخانہ،ارحم ہسپتال اور فیملی کلینک پر ڈرگ انسپکٹرز نے انسپکشن کرتے ہوئے ادویات کے نمونہ جات حاصل کر لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوائے ۔

انسپکشن ٹیم نے غیر قانونی منیر بھٹی میموریل ہسپتال کوچلان جاری کیا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے محکمہ ہیلتھ کو حکم جاری کیا ہے کہ عطائی ڈاکٹروں اور جعلی کلینکس کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے نہ صرف جعلی کلینکس بند کئے جائیں بلکہ عطائی ڈاکٹروں کو گرفتار کیا جائے ۔سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 208جعلی کلینکس اور عطائی ڈاکٹروں کی فہرست جاری کی تھی جس پر محکمہ ہیلتھ نے ان عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر رکھا ہے۔