آئی جی پولیس خیبر پختونخو کا گلبہار میں تنازعات کے حل کے کونسل کے دفتر کا اچانک دورہ

کونسل کے ممبران سے ملے اور ان کے ذریعے عوام کو پہنچائی جانے والی ریلیف پر تبادلہ خیال

منگل 17 اپریل 2018 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے گلبہار میں تنازعات کے حل کے کونسل کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔آئی جی پی کونسل کے ممبران سے ملے اور ان کے ذریعے عوام کو پہنچائی جانے والی ریلیف پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کونسل کے ارکان نے آئی جی پی کو کونسل کی مجموعی کارکردگی پر مختصراً بریفنگ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آر سی میںجبر اور تشدد کا کوئی تصور نہیں بلکہ فریقین کے مابین مسائل خوش اسلوبی سے حل کرکے تنازعہ کو جڑوں سے ختم کرتے ہیں اور فریقین کی دشمنی دوستی میں بدل دیتے ہیں۔

آئی جی پی نے کونسل کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار کیا۔ آئی جی پی نے کونسل کے ممبران سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے کونسلوں کا قیام ہمارے معاشرتی اقدار اور روایات کے عین مطابق ہے۔

(جاری ہے)

ڈی آر سی کے قیام کے بنیادی مقاصد معاشرے میں پسے ہوئے اور غریب طبقے کو آسانی سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری اور سستی انصاف کی فراہمی کے لیے ڈی آر سی کی شکل میں ایک پلیٹ فارم مہیا کی گئی ہے اور اُمید ظاہر کی کہ اس کے ممبران اس پلیٹ فارم سے غریب اور لاچار لوگوں کوانصاف فراہم کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

آئی جی پی نے کہا کہ ڈی آر سی کے ممبران کا رخیر کا بہت بڑا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں جس سے اللہ بھی راضی ہوتا ہے اور ساتھ ساتھ عوام بالخصوص غریب عوام بھی خوش ہوتے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ ڈی آر سی کے ممبران کا باقاعدہ اجلاس بہت جلد بلایا جائے گا جس میںکونسلوں کی کارکردگی مزید بہتر اور عوامی اُمنگوںکے مطابق بنانے کے لیے تجاویز کا خیر مقدم کیا جائیگا۔قبل ازیں آئی جی پی نے ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے عوام کو لائسنس کے اجرا کے نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو لائسنس کے اجراء کو مزید سہل اور آسان بنانے کی بھی ہدایت کی۔آئی جی پی نے اقلیتی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء پر سی سی پی اُو پشاور کے کردار کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :