سرکاری دفاتر میں آنے والے عام لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا ئے،ڈپٹی کمشنر مردان

منگل 17 اپریل 2018 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے سرکاری محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے دفاتر میں آنے والے عام لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور کسی کو بیجا پریشان نہ کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ سرکاری اہلکاروں کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا فوری حل ہے ،وہ ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ مردان میں واقع سرکاری دفاتر کے دورے کے موقع پر افسروں اور اہلکاروںسے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر عمران خان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر و ایڈیشنل اے سیز ، محکمہ تعلیم مردانہ ،ڈومیسائل اور آرمز برانچ کے دفاتر گئے اور وہاں ان دفاتر کے کام کا جائزہ لیا اور ان دفاتر میں آنے والے لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کئے ۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنرمحمد عثمان محسود کو اپنے دفاتر کی کارکردگی کے حوالے سے بریف کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے افسروں اور اہلکاروں کے مسائل بھی سُنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرتے ہوئے انہیں تاکید کی کہ یہاں آنے والے عوام بڑی آس لے کر ان کے پاس آتے ہیں اس لیے وہ ان کے مسائل میں اضافے کی بجائے ان کے حل میں مدد دیں اور ان کے ساتھ خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آیا جائے۔