شیعہ علما کونسل ،نئی صوبائی تنظیم کی تشکیل تک موجودہ عہدیدار برقرار رہیں گے، علامہ سبطین سبزواری

منگل 17 اپریل 2018 22:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبائی صدر کے انتخا ب تک موجود تمام سطحوں کے عہدیدار اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے اور تنظیمیں برقرار رہیں گی۔ ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نئے پارٹی انتخابات کے لئے تاریخ کا اعلان جلد کریں گے ۔

اس حوالے سے وہ خود ان سے ملاقات کرکے نئے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کریں گے ۔ان کا کہنا تھاکہ تین سالہ ذمہ داریوں کے دوران قومی پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ جس کے لئے وہ تمام عہدیداروں کے وہ شکر گذار ہیں۔جنہوں نے مشن امام زمانہ کو مکمل کرنے کے لئے تمام تر توانائیاں استعمال کیں۔

(جاری ہے)

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ شیعہ علما کونسل قائد ملت جعفریہ علامہ مفتی جعفر حسین مرحوم اور قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رضوا ن اللہ علیہماکی میراث اور جہد مسلسل کی نشانی ہے ، قائدملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت ورہنمائی میں ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی صدارت ان کے لئے بڑا اعزاز رہا ہے۔

قائد ملت پاکستان میں پرامن سیاسی جدوجہد کے بڑے علمبردار اور بانی ہیں، جنہوںنے قوم کو صبر و تحمل اور سیاسی تدبر سکھایا ہے۔ قوم میں تفرقہ پیدا کرنے والے اور بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلنے والے نیست و نابود ہوچکے ہیں۔ انشااللہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ مکتب اہل بیت اپنی آب و تاب سے موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :