لاہور،وزیر اعلیٰ پنجابکا گریٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم کا دورہ

متعلقہ اداروں اور محکموں کے حکام اور سٹیزن آرکائیوپاکستان کے عہدیداران کی کارکردگی کو سراہا

بدھ 18 اپریل 2018 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گریٹر اقبال پارک میں نیشنل ہسٹری میوزیم کا تفصیلی دورہ کیا اور میوزیم کے تمام حصوں میں گئی- وزیر اعلی نے میوزیم میں تحریک آزادی کی جدوجہد کو جدید انداز میں پیش کرنے پر انتہائی مسرت اور خوشی کا اظہار کیا اور انہوںنے متعلقہ اداروں اور محکموں کے حکام اور سٹیزن آرکائیوپاکستان کے عہدیداران کی کارکردگی کو سراہا - وزیر اعلی کو آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے میوزیم میں تحریک پاکستان کے حوالے سے بریفنگ دی - وزیر اعلی نے ہیڈ فون لگا کر قرار داد پاکستان کی تقریر سنی - انہوںنے میوزیم میں رکھے گئے گاندھی اور جناحؒ کے خطوط پڑھی- وزیر اعلی نے تحریک پاکستان کے ہیروز کی تصاویر سے مزین ہیروز گیلری کا بھی دورہ کیا -وزیر اعلی نے ریلوے کی بوگی میں تحریک پاکستان کی تھری ڈی فلم بھی دیکھی اور منتظمین کو شاباش دی- وزیر اعلی نے پاکستان میں بنائے گئے پہلے پاسپورٹ کا بھی مشاہدہ کیا- وزیر اعلی شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور ان کے ساتھیوں کے پوٹریٹ کے ساتھ بھی تصویر بنوائی- وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں اقبالؒکا یہ شعر پڑھا ۔

(جاری ہے)

’’ جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود……کہ سنگ و خشت سے ہوتے نہیں جہاں پیدا‘‘۔ شہباز شریف نے اس شعر کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ جن قوموں نے سائنس، ریسرچ اور ٹیکنالوجی کو اپنا شعار بنایا،آج وہ دنیا پرراج کر رہی ہیں کیونکہ نئے جہاں جہد مسلسل ، محنت ، امانت اور دیانت سے بنتے ہیں- نئی فکر سے ہی نئی دنیا جنم لیتی ہے - پتھروں سے نئے جہاں نہیں بنائے جا سکتے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب کے آخر میں علامہ اقبال کا یہ شعر پڑھا۔ ’’تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں……تو کانٹوںمیں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے‘‘۔ آسکرایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے اپنی تقریر میں کہا کہ نیشنل ہسٹری میوزیم کی تکمیل وزیر اعلی شہباز شریف کی ویژنری لیڈر شپ کے باعث ممکن ہوئی ہے کیونکہ انہوںنے ہر موقع پر ہماری بھرپور رہنمائی کی - کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل اور ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل نے بھی تقریب سے خطاب کیا - تقریب میں صوبائی وزراء مجتبی شجاع الرحمن ، چوہدری شیر علی ، تحریک پاکستان کے کارکن پروفیسر رفیق احمد ، یوسف صلاح الدین ، چیف سیکرٹری ، اراکین اسمبلی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :