ٹنڈولکر کی گلی میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

شائقین نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لٹل ماسٹر کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں

بدھ 18 اپریل 2018 13:02

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) لیجنڈ بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو کرکٹ سے ریٹائر ہوئے کئی سال بیت گئے تاہم کھیل سے ان کی محبت ابھی بھی کم نہ ہوئی اور یہی محبت انہیں بلا تھامے ممبئی کی گلیوں تک کھینچ لائی۔گزشتہ روز گھر جاتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے ممبئی کے تعمیراتی علاقے میں سڑک پر نوجوانوں کو کرکٹ کھیلتا دیکھا تو گاڑی سے اترکر خود بھی اس میں شامل ہوگئے اور ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

(جاری ہے)

یہ ویڈیو سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جن کے ساتھ ٹنڈؤلکر نے اسکول کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹنڈولکر کو ویڈیو میں بیٹ تھامے نوجوان باؤلرز کی باؤلنگ کھیلتے ہوئے دیکھا گیا جہاں انہوں نے پانچوں گیندوں کو واپس باؤلر کی جانب کھیلا۔کچھ دیر بعد سڑک سے گزرنے والے دیگر افراد کو بھی جب ٹنڈولکر کی موجودگی کا احساس ہوا تو انہوں نے بھی گاڑیاں روک کر یہ منظر دیکھا اور موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لٹل ماسٹر کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

متعلقہ عنوان :