گندم کی خریداری مہم کے دوران پہلے 10دنوں میں 50فیصد، دوسرے 10دنوں میں 30فیصد اور آخری 10دنوں میں20فیصد ٹارگٹ پورا کیاجائیگا، محکمہ خوراک

بدھ 18 اپریل 2018 13:58

فیصل آباد۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء)محکمہ خوراک فیصل آباد ڈویژن نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں گندم کی خریداری مہم کے دوران پہلے 10دنوں میں 50فیصد، دوسرے 10دنوں میں 30فیصد اور آخری 10دنوں میں20فیصد ٹارگٹ پورا کیاجائیگا جبکہ اگلے ہفتہ سے شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں پہلے 5دن 100 کنال سے کم رقبہ کے مالک کاشتکاروں کو رجسٹرڈ کرکے باردانہ فراہم کیاجائے گا اور یہ فراہمی 24 اپریل سے شروع ہوگی ۔

انہوںنے بتایاکہ گندم کی خریداری مہم کے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ سے 5لاکھ 4ہزار میٹرک ٹن کے قریب گندم خرید کی جائیگی جبکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں گندم کے 39اور ضلع فیصل آباد کیلئے 11 ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کیلئے 7، ضلع جھنگ کیلئے 16 اور ضلع چنیوٹ کیلئی5 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز ، فوڈ گرین سپروائزرز اور فوڈ گرین انسپکٹرز کا تقرر کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ باردانہ کی یومیہ تقسیم کے اہداف حاصل کرنے کی ذمہ داری ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک فیصل آبادڈویژن کو سونپی گئی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ باردانہ کااجراء گرداوری لسٹ کی بنیاد پر کیاجارہاہے جس کیلئے کاشتکار اپنی درخواستیں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں جمع کروارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ پہلے ساڑھے 12ایکڑ سے کم کاشتکاروں کو پہلے 5روز باردانہ جاری کرے گی جس کے بعد ساڑھے 12ایکڑ والے کاشتکاروں کی باری آئے گی۔