ملک کی موجودہ صورت حال کے باعث آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لوں گا،

اگر ہمیں جمہوری سسٹم چلانا ہے تو ووٹ کا احترام کرنا پڑے گا، ڈاکٹرعاصم ملک کے حالات دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ یہ لاش بن چکا ہے، جسے 20 کروڑ عوام اپنے کندھے پر لئے گھوم رہے ہیں، رہنماپیپلزپارٹی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ اپریل 14:18

ملک کی موجودہ صورت حال کے باعث آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لوں گا،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال کے باعث وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لینگے، اگر ہمیں جمہوری سسٹم چلانا ہے تو ووٹ کا احترام کرنا پڑے گا۔بدھ کو کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ اپنے ملک کے حالات دیکھ کر مجھے ایسا لگتا ہے کہ یہ لاش بن چکا ہے، جسے بیس کروڑ عوام اپنے کندھے پر لئے گھوم رہے ہیں، ایسے حالات میں نہیں سمجھتا کہ الیکشن لڑ کربہتری لاسکتا ہوں، اس لئے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے معاشی حالات دن بدن بدتر ہوتے جارہے ہیں ، اس پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا اگر ایسے معاشی حالات کو بہتر نہ کیا گیا تو بہت بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب پر ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ نواز شریف اب ملک کے لئے غیر ضروری ہوگئے ہیں جبکہ ان کی جماعت مسلم لیگ (ن)ماضی کا قصہ بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال کی ذمہ دار سیاست دانوں کے ساتھ عوام بھی ہیں وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال نہیں کرتے، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہمیں جمہوری سسٹم چلانا ہے تو ووٹ کا احترام کرنا پڑے۔

قبل ازیں احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی، مگرنیب کے گواہ کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 25اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :