پنجاب والے شدید بارشوں کے نئے سلسلے کیلئے تیار ہو جائیں

بارشیں برسانے والا سسٹم ملک میں داخل ہو گیا، پنجاب بھر میں منگل سے 19 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان

muhammad ali محمد علی بدھ 17 ستمبر 2025 00:20

پنجاب والے شدید بارشوں کے نئے سلسلے کیلئے تیار ہو جائیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر2025ء) پنجاب والے شدید بارشوں کے نئے سلسلے کیلئے تیار ہو جائیں، بارشیں برسانے والا سسٹم ملک میں داخل ہو گیا، پنجاب بھر میں منگل سے 19 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں 16 سے 19 ستمبر تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا 11 واں اسپیل 16 ستمبر سے شروع ہو گا جو 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔

راولپنڈی، مری، گلیات،لاہور، گجرات اور سیالکوٹ سمیت متعدد شہروں میں بادل جم کر برسیں گے۔ 18 اور 19 ستمبر کے دوران بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرزاور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکار فیلڈ میں الرٹ ہیں۔

عوام الناس انتظامیہ کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ عوام دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں۔آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔