پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد برائے فروخت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 اپریل 2018 16:41

پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد برائے فروخت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اپریل 2018ء) : پنڈی بوائز پر بنے لطیفے اور چُٹکلے تو ہم نے بہت سنے ہیں لیکن اس مرتبہ تو پنڈی بوائز نے حد ہی کر دی اور پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو معروف آن لائن خریدوفروخت کی معروف ویب سائٹ OLX پر فروخت کرنے کی پیشکش کر دی۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی جس میں اسلام آباد کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

یہ پیشکش OLX پر 20 بلین ڈالر کے عوض کی گئی۔ پیشکش کے ساتھ مونال اسلام آباد ریسٹورنٹ کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی اور لکھا گیا کہ اسلام آباد میں مارگلہ ہلز کے قریب موجود اس جگہ کی آپ سیر بھی کر سکتے ہیں۔ یہی نہیں فروخت کی پیشکش کے ساتھ تحریر کیا گیا کہ صرف سنجیدہ خریدار ہی رابطہ کریں۔ پنڈی بوائز کی اس پوسٹ کےسامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ان کا خوب تمسخر اُڑایا اور کہا کہ لوگ اپنے موبائل ، ٹی وی اور لیپ ٹاپ جیسی اشیا فروخت کرتے ہیں لیکن پنڈی بوائز نے تو پاکستان کا دارالخلافہ ہی برائے فروخت کر دیا۔

(جاری ہے)

کئی صارفین نے تو یہاں تک اعتراض اُٹھایا کہ پورا شہر برائے فروخت لیکن قیمت صرف 20 بلین ڈالر ، اور تو اور ان کی دیکھا دیکھی ایک اور پوسٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو صرف 200 پاکستانی روپے کے عوض فروخت کرنے کی پیشکش کی گئی، ساتھ ہی لکھا کہ ائیر پورٹ کی قیمت پر بحث کی جا سکتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان دونوں پوسٹس کا نہ صرف تمسخر اُڑایا بلکہ ان پوسٹس پر آنے والے کمنٹس سے بھی کافی محظوظ ہوئے۔ دوسری جانب کچھ صارفین کا خیال تھا کہ یہ پوسٹس پنڈی بوائز نے محض عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کیاہے۔