پختونوں کا معیار زندگی بلند اور انھیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، سکندر شیرپائو

بدھ 18 اپریل 2018 18:20

پختونوں کا معیار زندگی بلند اور انھیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پختونوں کا معیار زندگی بلند اور انھیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ ان کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں کھڑا کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کیو ڈبلیو پی ضلع چارسدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرقومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے پارٹی عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔ سکندر شیرپائو نے کہا کہ پختونوں نے ملکی ترقی ،استحکام اور امن کے لئے انگنت قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا کی حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام نے پی ٹی آئی کو اس امید پر بھاری اکثریت دے کر کامیاب بنایا کہ وہ ان کی مشکلات کے حل کیلئے کردار ادا کرے مگر صوبہ اور یہاں کے عوام کے مسائل و مشکلات کا حل تو دور پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کو مسائل کے دلدل میں دھکیل کر پختونوں کومشکل حالات میں تنہا چھوڑ دیا جس سے ان کی مایوسیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور اب وہ صوبائی حکومت سے متنفر ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے بات کرتے ہوئے فاٹا کے انضمام کو وقت کا تقاضا قرار دیا اور کہا کہ جتنا جلدی ہو سکے قبائیلی علاقوں کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنایا جائے تاکہ فاٹا کے عوام کی محرومیوں کے ازالہ کے ساتھ ساتھ ان کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔انھوں نے پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے دونوں ممالک کو غلط فہمیوں کے خاتمے کو یقینی بنانے اور مزاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے اندر اتحاداور اتفاق قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پختون معاشی اور سماجی ترقی حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :