شیخ محمد بن زاید النہیان نے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو اعلیٰ قومی اعزاز ’’آرڈر آف زاید دوم‘‘سے نوازا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 20:11

شیخ محمد بن زاید النہیان نے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو اعلیٰ قومی اعزاز ..
ام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کیسبکدوش ہونے والے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو ’’آرڈر آف زاید دوم‘‘ سے نوازا ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ اعزازابوظہبی میں وزارت خارجہ میں ایک تقریب کے دوران وزیر مملکت خلیفہ بن شاہین المرر نے سفیر فیصل نیاز ترمذی کو دیا۔

اس موقع پر خلیفہ بن شاہین المرر نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دونوں ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات اور امنگوں کو تقویت دی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سفیر فیصل ترمذی کے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں کردار کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر فیصل نیاز ترمذی نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور تعاون پر فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ترقی، کامیابیوں اور قیادت کے وڑن کو سراہا جس نے ملک کو عالمی برادری میں نمایاں مقام دلایا ہے۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ وہ تعاون کے لیے متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اداروں کے شکر گزار ہیں جن کے اشتراک نے ان کے مشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان و امارات کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد فراہم کی۔