Live Updates

ملک کے مفاد میں یہی تھا کہ سہیل آفریدی اس اہم میٹنگ میں ضرور بیٹھتے

سہیل آفریدی اگر اجلاس میں آتے تو بانی سے ملاقات بھی کرا دی جاتی، نظرآرہا کہ پی ٹی آئی وفاق کے ساتھ نہیں چلنا چاہتی۔ وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:58

ملک کے مفاد میں یہی تھا کہ سہیل آفریدی اس اہم میٹنگ میں ضرور بیٹھتے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 اکتوبر 2025ء ) وزیرمملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ملک کے مفاد میں یہی تھا کہ سہیل آفریدی میٹنگ میں ضرور بیٹھتے، سہیل آفریدی اگر اجلاس میں آجاتے تو ملاقات بھی کرا دی جاتی۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے بڑا دل کرکے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے کی مبارکباد پیش کی، وزیراعظم نے سہیل آفریدی کو کہا کہ صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، وزیراعظم نے پوچھ کر بتانے والی بات نہیں کہی، یہ بیانیہ پی ٹی آئی والوں نے بنایا۔

سہیل آفریدی نے وزیراعظم کو کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دیں۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ملک کے مفاد میں یہ تھا کہ سہیل آفریدی میٹنگ میں جاکر ضرور بیٹھتے،اور وہاں اجلاس میں کہہ دیتے کہ فیصلہ کرنے سے پہلے مشاورت کروں گا، سہیل آفریدی اگر آج اجلاس میں آجاتے تو بانی سے ملاقات بھی کرا دی جاتی، نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پی حکومت وفاق کے ساتھ نہیں چلنا چاہتی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ خیبرپختونخواہ صوبہ دہشتگردی سے متاثر ہے، جس کیلئے آج کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے پی کو بیٹھنا چاہئے تھا۔ آپ صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں اب ہر بات کیلئے اڈیالہ جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے مجھے پیرول پر رہا کردیں، پیرول پر رہائی کیلئے قانونی طریقہ کار ہے، یہ رہائی ایسے تو نہیں ہوجاتی؟ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے آج وفاقی حکومت کی زراعت اور افغان مہاجرین کے حوالے سے میٹنگ میں ذاتی طور پر شرکت سے اس لیے معذرت کی ہے کیونکہ خیبرپختونخوا کی عوام نے عمران خان کو ووٹ اور مینڈیٹ دیا ہے اور جب تک میں عمران خان سے مل کر پالیسی گائیڈ لائنز نہیں لیتا تو کسی ایسی میٹنگ میں شرکت صوبے کی عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگی۔

میں امید کرتا ہوں کہ وفاقی حکومت جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرے گی اور متعلقہ اتھارٹیز کو ڈائریکشن جاری کرے گی تاکہ میری اپنے لیڈر اور خیبرپختونخوا کی عوام کے مینڈیٹ کے امین اور نمائندہ عمران خان سے ریگولر ملاقات کا انتظام کیا جائے۔ اس حوالے سے ہماری قانونی ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت تمام قانونی فورمز پر بھی جا رہی ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات