سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے ، عباس علی گل

بدھ 18 اپریل 2018 21:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہر اگرانومی عباس علی گل نے کہا ہے کہ سورج مکھی 120سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے ۔فصل کے پکنے کا انحصار اس کی قسم اور موسم پر ہوتا ہے لیکن فصل کو برداشت کرنے سے پہلے کچھ علامات کا خیال ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے ۔

پھول کی زرد پتیاںخشک ہوکر گر جائیں ۔سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کے لیے تیار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں چھوٹی سی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو سے تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں۔سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں۔اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے

متعلقہ عنوان :