انٹر کے امتحانات کے دوران کاپی میں ملوث کرداروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

جمعرات 19 اپریل 2018 00:40

سکھر۔18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے کہ انٹر کے امتحانات کے دوران کاپی میں ملوث کرداروں کے خلاف کریک دائون کیا جائے گا، ضلع کے تمام امتحانی مراکز کی سخت نگرانی کریں گے، کسی صورت نقل کو برداشت نہیں کرنا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر بورڈ کے زیراہتمام ہونے والے انٹر کے امتحانات کے حوالے سے کئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی کامران نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سیلم اللہ اوڈو سمیت چیئرمین سکھر بورڈ سید مجتبی شاہ، سیکرٹری رفیق احمد، کنٹرولر عبدالسمیع سومرو، مختلف کالجز کے پرنسپالز اورلیکچرر یونین کے نمائندہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر ہم کاپی کلچر کے خلاف سخت انتظامات کر رہے ہیں تو اس کا فائدہ مستقبل میں نظر آئے گا اور والدین و نوجوان کو محسوس ہوگا کہ کاپی معاشرے کیلئے کینسر سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دور مقابلے کا دور ہے اس لیے بہتر تعلیم کے بغیر مستقبل میں منزل حاصل کرنا ممکن نہیں اس لئے اساتذہ کو وادہ کرنا ہوگا کہ وہ نقل کے خلاف ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے قوم کے بچوں کو بہتر تعلیم دیں گے کیونکہ اساتذہ کے تعاون سے ہی نقل پر ضابطہ ممکن ہے اگر استاد چاہے تو کسی بھی طالب علم کو نقل کا موقع نہیں مل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے کیے سخت انتظامات کے باوجود اگر کوئی ایکسٹرنل، انٹرنل یا انویجیلیٹر طلبہ کو نقل کی سہولت فراہم کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام امتحانی مراکز پر روینیو، پولیس و محکمہ تعلیم کے عملداروں کو مقرر کیا جائے گا تاکہ وہ طلبہ کی تلاشی لیں اور موبائل فون لے آنے والے طلبہ کو واپس کردیا جائے گا اس لیے طلبہ کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ امتحانی مرکز میں موبائل فون لانے پر مکمل پابندی ہے اس کے باوجود امتحانی مرکز میں پیپر کے دوران اگر کسی شاگرد سے موبائل فون ملا تو وہ ضبط کرکے اسے کاپی کیس کیا جائے گا۔

اس موقع پر ایس ایس پی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام امتحانی مراکز پر پولیس افسران و اہلکاروں کو مقرر کیا جائے گا تاکہ امتحانی مراکز سے غیرمتعلقہ لوگوں کودور رکھا جاسکے اور طلبہ کو بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے۔ چیئرمین سکھر بورڈ سید مجتبی شاہ نے بھرپور تعاون کرنے پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں واحد ضلع گھوٹکی ہے جہاں پردسویں جماعت کے امتحانات کے دوران نقل پر تقریباً 95 فیصد کنٹرول رہا ۔ انہوں نے کہا کہ 24 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات کے لیے ضلع میں 17 مراکز قائم کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :