امریکا میں عالمی مالیاتی فورم کے دوران چین۔امریکا تعاون پر زور

جمعرات 19 اپریل 2018 12:27

امریکا میں عالمی مالیاتی فورم کے دوران چین۔امریکا تعاون پر زور
نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) امریکا کے معروف ادارے بلوم برگ اور نیو یارک میں چائنا جنرل چیمبر آف کامرس (یو ایس ای) کے باہمی اشتراک سے گزشتہ روز عالمی مالیاتی و انفراسڑکچر تعاون فورم کا انعقاد کیا گیا۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق فورم سے خطاب کرتے ہوئے بلوم برگ کے بانی مائیکل بلوم برگ نے کہا کہ امریکا اور چین ایک دوسرے کے انتہائی اہم تجارتی شراکت دار ہیں لہذا دونوں ممالک کے درمیان تجارتی محاز آرائی کے بجائے تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورم کا انعقاد ایک ایسے نازک مرحلے پر کیا گیا ہے جب امریکی رہنماء نئی تجارتی پالیسیوں پر غور کر رہے ہیں جس سے چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ روابط متاثر ہو سکتے ہیں اور عالمی معیشت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوم برگ نے مزید کہا کہ امریکا اور چین کا دیگر ممالک کی خوشحالی میں اہم کردار ہے لہذا اقتصادی شر ح نمو ، تجارت ، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دنیا کو درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے۔

پیپلز بنک آف چائنا کے امریکا میں چیف نمائندے سونگ شیان گیان نے فورم کے شرکاء کو چین کی جانب سے مالیاتی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ مذکورہ اصلاحات کی بدولت بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے چین میں سرمایہ کاری کو توسیع دینے کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ چائنا جنرل چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے چیئرمین شو چھون نے کہا کہ عالمگیریت اور بین الاقوامی تجارت کی بدولت دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمگیر اور کثیر الجہتی نقطہ نظر اپناتے ہوئے روابط استوار کئے جائیں اور اور ٹھوس اقدامات کے تحت آپس کے اختلافات کو حل کیا جائے۔