تھریشنگ کے دوران گندم کے گٹھوں کو سخت چیزوں بشمول پتھر ، لوہے سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

جمعرات 19 اپریل 2018 14:22

فیصل آباد۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی گہائی کے وقت تھریشنگ کیلئے گیلی فصل ہرگز نہ ڈالنے اور تھریشر کو لیول جگہ پر کھڑا کر نے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تھریشر کی شافٹ، پلی، ٹریکٹر کی شافٹ، پلی کے ساتھ لائن میں ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار گالے کی مقدار اور تھریشننگ کا وقت فصل میں نمی کے حساب سے متعین کریں نیز رات کو کام کرنے والے آدمیوں کو ڈھیلے کپڑے نہیں پہننے چاہئیں اور صافہ یا چادر جو کہ منہ لپیٹنے کیلئے باندھتے ہیں ان کا کوئی سرا کھلا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوںنے ڈرم کے چکر سات سو کے قریب فی منٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چکر زیادہ ہونے کی صورت میں دانے زیادہ ٹوٹتے ہیں اور بھوسے کے ساتھ باہر جاتے ہیںاس لئے بیلٹوں کا تنائو مناسب رکھا جائے کیونکہ زیادہ تنائو کی صورت میں ان کے ٹوٹنے کا امکان ہے اور کم ہونے کی وجہ سے یہ سلپ ہوجاتی ہیںاسی طرح بلوٹیر کی ہوا کا رخ درست کریں۔

(جاری ہے)

محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ ہوا اوپر والی جالی کے اوپر اور نیچے سے گزرنی چاہیے جبکہ تھریشر اس طرح لگائی جائے کہ ہوا کا رخ بھی موافق ہو۔انہوںنے کہاکہ گندم کے گٹھوں میں کوئی سخت چیز مثلاً پتھر یا لوہا نہ ہو اور کام کے دوران تھریشر کچھ دیر کیلئے بند کر دیں اور بال بیئرنگ کی گریس چیک کرلیں۔