موجودہ حالات میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ،مولانا محمد عثمان معاویہ

اسلامی نظام کے نفاذ کے بغیر استحکام پاکستان اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے یو آئی چکوال

جمعرات 19 اپریل 2018 21:25

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) موجودہ حالات میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جو کہ ملک و قوم کیلئے خوش آئند اور نیک شگون ہے ان خیالا ت کا اظہار مولانا محمد عثمان معاویہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء اسلام ضلع چکوال نے جمعرات کے روز اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کا سیاسی و مذہبی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، دینی جماعتوں کا مشترکہ لائحہ عمل ملک و قوم کے مفاد میں ہے کیونکہ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے دینی جماعتیں ہی ٹھوس عملی کردار ادا کر سکتی ہے۔

مولانا محمد عثمان معاویہ نے مزید کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ کے بغیر استحکام پاکستان اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد میں دینی جماعتوں میں ہم آہنگی و اتحاد ضروری ہے۔ اور انہوںنے کہا کہ الیکشن میں متحدہ مجلس عمل بھرپور انقلابی رابطہ مہم کے ذریعہ اسلامی نظریہ اور السلامی تہذیب کی حفاظت کریگی اور انتخابات میں سیکولر سیاست کو شکست دے گی۔