حافظ آباد، گندم کی کٹائی شروع ، پاسکو، محکمہ خوراک نے باردانہ کی تقسیم شروع کی نہ خریداری کا آغاز ہوتا نظر آرہا ہے ، امان اللہ چٹھہ

جمعرات 19 اپریل 2018 22:39

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر امان اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ گندم کی کٹائی زور و شور سے شروع ہو چکی ہے لیکن پاسکو، محکمہ خوراک نے باردانہ کی تقسیم شروع کی نہ خریداری کا آغاز ہوتا نظر آرہا ہے جس سے کسانوں میں زبردست مایوسی اور بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ حکومت خریداری اسکیم کے لیے اربوں روپے کا بجٹ مختص کرکے کاشتکاروں کو جنس امدادی قیمت 1300/-روپے من پر خریدنے کی ضمانت کا اعلان کر رہی ہے جبکہ کھلی منڈی میں نرخ 1100/-روپے من تک گر جانے سے کسانوں کو زبردست مالی خسارہ ہو رہا ہے۔

اُنہوں نے حکومت پر زور دیا کہ باردانہ 20اپریل کو تقسیم کرکے 22اپریل سے عملی طور پر خریداری کا آغاز کیا جائے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ خریداری میں مزید تاخیر کی گئی تو یہ سرکاری پالیسی کسانوں کے استحصال اور کمیشن مافیا، اسٹاکسٹوں کو ناجائز منافع خوری کا موقع دینے کے مترادف ہو گی جس کے خلاف کسان شدید احتجاج کریں گے اور ملکی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :