عوامی مفادکے منصوبوں کوجلدمکمل کیاجائے،کمشنرمردان

جمعرات 19 اپریل 2018 23:53

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی نے لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی مقررہ معیار کے مطابق بر وقت تکمیل کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیں اور صوبائی حکومت کی جانب سے دیئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ۔

وہ اپنے دفتر میں مردان اور صوابی کے مختلف سرکاری محکموں کی ماہانہ کارکر دگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود ، ڈپٹی کمشنر صوابی خورشید عالم محسوداور تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں ایک ایک کرکے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور جن محکموں نے اہداف حاصل نہیں کئے اُن کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ،کمشنر مردان نے محکمہ ہائے زراعت ، پبلک ہیلتھ، سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز،سماجی بہبود ،سوئل کنزرویشن ، لائیوسٹاک اور فشریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور عوامی مفاد کے لیے تمام وسائل منصفانہ طور پر بروئے کار لائیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کمشنر مردان نے ماہانہ ریونیو اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں،اسسٹنٹ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں اور تحصیلداروں نے شرکت کی ۔اجلاس میں ریونیو کیسوں ،سرکاری ٹیکسوں کی ریکوری سمیت محکمہ مال کے دیگر اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔کمشنر ذاکر حسین آفریدی نے ریونیو افسروں کو ہدایت کی کہ ریونیو کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور اس حوالے سے دیئے گئے اہداف کو ہر صورت میں حاصل کریں تاکہ اس حوالے سے لوگوں کو فوری انصاف ملے ۔

اُنہوں نے کہا کہ سرکاری محاصل کی وصولی میں ریونیو افسران کا کلیدی کردار ہوتا ہے اور اس سلسلے میں بھی ان کو اپنی کارکردگی کو بڑھانا ہو گا ۔اُنہوں نے کہا کہ پٹوار خانوں میں عوام کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے عوامی شکایات کی صورت میں ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت ایکش لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :