معاشرے میں خواتین کو بااختیارکرنا اور ان کو والدین کی وراثت میں بھائیوں کی طرح حصہ ملنا چاہئے،رکن اسمبلی سپوژمئی اچکزئی کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 19 اپریل 2018 23:50

کوئٹہ۔ 19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) رکن اسمبلی سپوژمئی اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بااختیارکرنا اور ان کو والدین کی وراثت میں بھائیوں کی طرح حصہ ملنا چاہئے کیونکہ ہمارے مذہب اسلام نے خواتین کو وراثت میں مکمل حقوق اور بااختیار بنانے کیلئے معاشرے میںہر سطح پر آگاہی پھیلائی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ ترقی نسواں یو این وومن بلوچستان کے زیر اہتمام حق جائیداد ( ترمیمی) بل پر مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق سے محروم کرنے سے بہت سے معاشرتی مسائل جنم لیتے ہیں اور یہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خواتین کو معاشرے میں اسلام کے روح کے مطًابق حقوق دلانے میں اپنا کردار اداکریں ۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری برائے محکمہ ترقی و نسواں محمد صدیق مندوخیل نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کانصف حصہ ہیں ان کو مالی اور سیاسی طور پر بااختیار کرنا چاہئے معاشرے میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے وہ مرد کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے تمام شرکاء کو خواتین کے حق وراثت ( ترمیمی) بل کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔ مذکورہ بل صوبائی اسمبلی سے پاس ہونے سے خواتین کے بہت مسائل حل ہوسکتے ہیں اور ان کو جائیداد میں حصہ دار کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوسکتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پبلک سروس کمیشن جسٹس ریٹائرڈ مہتہ کیلاش ناتھ کوہلی نے کہا کہ خواتین کو والدین کی جائیداد میں حصہ ملنا چاہئے یہ حق خواتین کو آئین اور معاشرہ ہر سطح پر دیتے ہیں خواتین کو بااختیار کرنے سے بہت سے معاشرتی مسائل کا تدارک ہوسکتا ہے اور اس سے معاشرے میں توازن پیدا ہوتا ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حسین احمد شرودی نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو بہت اعلیٰ مقام دیا ہوا ہے جہاں پر مرد کا ذکر ہوتا تو وہ وہاں پر خاتون کا ذکر بھی اسلامی تعلیمات میں ہوتا ہے اسلام نے خواتین کو اپنے والدین کے جائیداد میں مکمل طور پر حق دیا ہوا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریحانہ خلجی نے کہاکہ خواتین کے حقوق اور وومن ڈویلپمنٹ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا ئی گئی ہے اور ان کے حقوق کیلئے معاشرے میں آگاہی مہم چلائی گئی تاکہ خواتین کے مسائل ہر سطح پر حل ہوسکیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر انعام الحق قریشی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا سیمینار میںنادرا، لوکل گورنمنٹ ، قانون ، میڈیا اور بلوچستان یونیورسٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی ۔